پاکستان مسلم لیگ ن نے ضمنی انتخاب کے لیے پیپلز پارٹی سے حمایت مانگ لی

پاکستان مسلم لیگ ن نے ضمنی انتخاب کے لیے پیپلز پارٹی سے حمایت مانگ لی

پاکستان مسلم لیگ ن نے کراچی کے انتخابی حلقے این اے 249 میں ضمنی انتخاب کے لیے پیپلز پارٹی سے حمایت مانگ لی ہے۔

پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔

ملاقات میں بلاول بھٹو اور شاہد خاقان میں این اے 249 ضمنی انتخاب پر بات چیت ہوئی، شاہد خاقان نے ن لیگی امیدوار کے لیے پیپلز پارٹی کی حمایت مانگ لی۔

بلاول بھٹو نے ن لیگی رہنما کو جواب دیا کہ پارٹی سے مشاورت کے بعد آگاہ کروں گا، اس ملاقات میں شیری رحمان، نوید قمر اور مفتاح اسماعیل بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ این اے 249 میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں مقامی سطح پر سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں۔

ضمنی انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 55 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، جن کی اسکروٹنی کا عمل جاری ہے اور 25 مارچ تک اس کی جانچ پڑتال جاری رہے گی، ریٹرننگ آفیسر کے فیصلوں کے خلاف اپیل جمع کرانے کی آخری تاریخ 29 مارچ ہے، جب کہ اپیلٹ ٹریبونل میں اپیل کے فیصلوں کی آخری تاریخ 5 اپریل مقرر کی گئی ہے۔

کاغذات نامزدگی 7 اپریل تک واپس لیے جا سکتے ہیں، امیدواروں کو انتخابی نشان 8 اپریل کو الاٹ کیے جائیں گے، جب کہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 29 اپریل کو ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں