عالمی باڈی کے موثر طور پر کام کرنے کیلئے پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں: انتونیو گوتریس

عالمی باڈی کے موثر طور پر کام کرنے کیلئے پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں: انتونیو گوتریس

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ وہ عالمی باڈی کے موثر طور پر کام کرنے کے لیے پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جبکہ پاکستان، اقوام متحدہ کا بنیادی شراکت دار ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بات چیت کے دوران کورونا وبائی صورتحال، وبا کے بعد معاشی صورتحال میں بہتری، قرضوں میں ریلیف کی کوششوں، ویکسین کے معیار، افغان امن عمل، مقبوضہ جموں و کشمیر اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ وہ عالمی باڈی کے مختلف شعبوں میں موثر طور پر کام کرنے کے لیے پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، بالخصوص سماجی و اقتصادی ترقی کے ایجنڈے کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل کی ملک کی صدارت کی تعریف کی۔

 واضح رہے کہ گزشتہ سال اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم متفقہ طور پر اقتصادی اور سماجی کونسل کے 21-2020 کے صدر منتخب ہوئے تھے، یہ چھٹا موقع ہے کہ پاکستان کونسل کا صدر منتخب ہوا۔

اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے شاہ محمود قریشی کو افغانستان میں صورتحال کی بہتری کے لیے تنظیم کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے جاری امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ متعلقہ فریقین کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھائیں اور جامع سیاسی تصفیے کے لیے مل کر کام کریں اور اس عمل میں رخنہ ڈالنے والوں کے خلاف متحد ہوں۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ افغان امن عمل کو مشاورت کے ذریعے اور اس طریقے سے آگے لے کر چلا جائے جس سے افغانستان اور خطے میں دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کے قیام میں مدد ملے۔

شاہ محمود قریشی نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان دوبارہ بطور سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ تعیناتی کے لیے انتونیو گوتریس کی بھرپور حمایت کرے گا۔

انتونیو گوتریس نے دوبارہ بطور سیکریٹری جنرل تعیناتی کے لیے پاکستان کی جانب سے حمایت کی یقین دہانی پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، اقوام متحدہ کے امن مشنز میں سب سے بڑا معاون رہا ہے اور اقوام متحدہ کے تحت عالمگیریت کے فلسفے پر کاربند ہے۔

یاد رہے کہ انتونیو گوتریس نے گزشتہ سال پاکستان کا چار روزہ دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے صدر، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں اور اسلام آباد میں دو روزہ مہاجرین کانفرنس سے خطاب کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں