پاکستانی خبریں

کل اجلاس میں دیکھیں گے کہ ہمارے ووٹ کیوں کم ہوئے، مولانا فضل الرحمان

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ان کی ذاتی رائے میں اگر اسمبلی سے استعفے نہیں دیے جاتے تو شاید لانگ مارچ کی زیادہ افادیت نہ ہو۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کل پی ڈی ایم کے اجلاس میں لانگ مارچ کی حتمی حکمت عملی طے کریں گے اور پارلیمنٹ سے استعفوں کو بھی ایجنڈے پر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری ذاتی رائے میں اگر ہم اس اسمبلی سے استعفے نہیں دیتے تو شاید لانگ مارچ کی زیادہ افادیت نہ ہو۔

پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کی ٹائمنگ پی ڈی ایم طے کرے گا اور لانگ مارچ کوئی ایک دن کا نہیں ہوا۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ماضی میں مختلف جماعتوں کے اراکین نے اپنے ووٹ کو غلط استعمال کیا لیکن کسی ایک ممبر کے دغا دینے سے حزب اختلاف کی پوزیشن کمزور نہیں ہوتی اور کسی ممبر کے دغا کرنے کو پارٹی پالیسی یا پارٹی کی رائے قرار دینا مناسب نہیں، حزب اختلاف متحد ہے، کل اجلاس میں دیکھیں گے کہ ہمارے ووٹ کیوں کم ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاداریاں کیوں تبدیل ہورہی ہیں، اس کے پیچھے دباؤ ہوگا،لالچ یا دھمکیاں ہوں گی، کوئی تو اس پر کام کررہا ہوگا۔

Related Articles

Back to top button