پاکستانی خبریں

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ملازمین کا احتجاج ،اپ گریڈیشن کا مطالبہ

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ملازمین نے اپ گریڈیشن کے مطالبہ پر احتجاج شروع کر دیا ہے۔ملازمین نے احتجاجاً ملک بھر میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفاتر میں کام بند کر دیا ہے۔

بی آئی ایس پی ملازمین کا مطالبہ ہے کہ گریڈ 14 سے 16 کے ملازمین کی اپ گریڈیشن کی جائے۔ اسکیل ایک سے 19 تک کے ملازمین کی ون ٹائم پرموشن کی جائے۔

ملازمین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈیلی ویجز اور عارضی ملازمین کو مستقل کیا جائے، بی آئی ایس پی سروس رولز 2018 کا مکمل اطلاق یقینی بنایا جائے۔

قبل ازیں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے سرکاری افسران کیخلاف کارروائی کا آغاز ہوگیا ہے اور پہلے مرحلے میں گریڈ17 کے چار افسران کو برطرف کر دیا گیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق چاروں افسران بیگمات کے نام پر بی آئی ایس پی سے وظیفہ لیتے رہے اور ان کی برطرفی کے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیے گئے تھے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق چاروں افسران سے 4لاکھ 40 ہزار196 روپے واپس لیے گئے تھے۔ برطرف کیے گئے افسران میں نعمان ذہیم، شفیع اللہ، سید فضل امین اور سبیل خان شامل تھے۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے بیگمات کے نام پر وظیفہ لینے والے افسران کا تعلق ایبٹ آباد اور ڈی آئی خان سے تھا۔

چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشترکے مطابق ایک لاکھ 40 ہزار سرکاری ملازمین وظیفہ وصول کرنے والوں میں شامل تھے۔

Related Articles

Back to top button