پاکستانی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 2 ہزار 664 کورونا کیسز رپورٹ

کورونا کے مثبت کیسز میں خوفناک حد تک اضافہ ہوگیا، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 2 ہزار 664 کورونا کیسز رپورٹ ہوگئے۔

مہلک وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر نے لوگوں کا شکار کرنا شروع کردیا ہے جس کے باعث کرونا مریضوں کی تعداد میں ایک مرتبہ پھر یومیہ بنیادوں پر ہزاروں افراد کا اضافہ ہورہا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 2664 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 5 ہزار 200 ہوچکی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 21 ہزار 121 ہوگئی، این سی او سی کی جانب سے ملک میں 24 گھنٹے میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنےکی شرح 6.56 فیصد تک پہنچ گئی۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 32 مریض دم توڑ گئے جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 13 ہزار 508 ہوگئی۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 40 ہزار 564 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 94 لاکھ 85 ہزار 702 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

ملک بھر کے 735 اسپتالوں میں کورونا وائرس کے 1805 کیسز تشویشناک نوعیت کے ہیں۔

Related Articles

Back to top button