پاکستانی خبریں

کراچی میں رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، تین دہشت گرد گرفتار

شہر قائد کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گرد گرفتار کرلیے۔

ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی اور داعش سے ہے، دہشت گردوں سے اسلحہ، گولیاں، دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا گیا ہے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق دہشت گرد فورسز پر کریکر، بم حملوں میں ملوث ہیں، گرفتار دہشت گرد حال ہی میں افغانستان سے کراچی پہنچے تھے۔

رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان دہشت گرد کارروائی کی منصوبہ بندی کررہے تھے، دہشت گردوں نے 2008 میں باجوڑ، عنایت قلعے بازار میں فورسز پر حملے کیے۔

ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے 2013-12 میں بھی سیکیورٹی فورسز پر حملے کیے، حملوں میں فورسز اہلکار شہید اور کئی زخمی ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر قائد کے داخلی راستوں پر اچانک اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں کو مانیٹر کیا جارہا ہے اور مشتبہ گاڑیوں کی تلاشی اور دستاویزات کو مکمل طور پر چیک کرنے کے بعد شہر میں داخلے کی اجازت دی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق شہر کے داخلی وخارجی راستوں پر اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ تینوں شفٹوں میں جاری رکھا جائے گا۔

Related Articles

Back to top button