فضل الرحمان حکم دیں گے تو عوام کے سمندر کا رخ اسلام آباد کی جانب کردوں گی: مریم نواز

فضل الرحمان حکم دیں گے تو عوام کے سمندر کا رخ اسلام آباد کی جانب کردوں گی: مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت گرانے کے لیے بہاولپور کے عوام نے فیصلہ سنادیا، یہاں عوام کا ٹھاٹھے مارتا سمندر ہے اگر فضل الرحمان حکم دیں تو اس سمندر کا رخ اسلام آباد کی جانب کردوں۔

یہ بات انہوں ںے پی ڈی ایم کی بہاولپور میں نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمان، یوسف رضا گیلانی، محمد زبیر عمر اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔

مریم نواز نے کہا کہ جعلی، ناجائز اور نااہل وزیراعظم کو گھر بھیجا جائے، ملک میں بہت مہنگائی ہوگئی ہے، جہاں جاتی ہوں لوگ کہتے ہیں مہنگائی نے بیڑا ٖغرق کردیا، آج بہاولپور کے عوام نے فیصلہ سنادیا ہے، یہاں عوام کا ٹھاٹھے مارتا ہوا سمندر ہے اگر پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کہہ دیں تو عوامی سمندر کا رخ اسلام آباد کی جانب کردوں گی، جس دن پی ڈی ایم نے استعفی دے دیے اس دن حکومت کا خاتمہ ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے صوبے کہتے ہیں جب تک پنجاب کھڑا نہیں ہوگا ملک میں تبدیلی نہیں آئے گی، پنجاب اپنے حقوق کو واپس لینے کے لیے پوری طرح تیار ہے، پنجاب کے عوام بتائیں کیا وہ اپنا حق چھیننے کے لیے تیار ہیں؟ کیوں کہ پنجاب کے اٹھنے پر مخالفین کی ٹانگیں کانپنے لگتی ہیں،آپ کے حق پر ووٹ کی شکل میں جو ڈاکا ڈالا تھا کیا وہ واپس لینے کے لیے تیار ہیں؟ اس جعلی حکومت کو گرانے کے لیے تیار ہیں؟

مریم نواز نے کہا کہ کیا مہنگائی، بے روزگاری، مافیا کو آزادی، ایل این جی اسکینڈل کو تبدیلی کہتے ہیں؟ کیا کشمیر فروشی کو تبدیلی کہتے ہیں؟

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں