اسلام آباد پولیس کی فائرنگ سے نوجوان جانبحق

اسلام آباد پولیس کی فائرنگ سے نوجوان جانبحق

وفاقی درالحکومت میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے مبینہ طور پر طالبعلم جاں بحق ہو گیا۔ واقعے میں ملوث 5 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔ اسلام آباد کے سیکٹر جی ٹین میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق شخص مبینہ طور پر طالبعلم ہے جو جی تیرہ کا رہائشی تھا۔

مبینہ طور پر نوجوان کو اے ٹی ایس اہلکاروں کی 22 گولیاں لگیں اور مبینہ طالبعلم کی گاڑی کے فرنٹ پر گولیوں کے نشانات بھی ہیں۔

اس سے قبل ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ رات کو اطلاع ملی کہ گاڑی میں ڈاکو شمس کالونی میں ڈکیتی کی کوشش کر رہے ہیں۔ اے ٹی ایس پولیس کے اہلکار علاقہ میں گشت پر تھے جنہوں نے مشکوک گاڑی کا تعاقب کیا۔

کالے شیشوں والی مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی گئی تو ڈرائیور نے گاڑی نہ روکی۔ پولیس نے متعدد بار جی ٹین تک گاڑی کا تعاقب کیا اور نہ رکنے پر ٹائرز پر فائر کیے تاہم فائر گاڑی کے ڈرائیور کو لگی جس سے اس کی موت ہوئی۔

آئی جی اسلام آباد نے واقعے کا نوٹس لیا اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں ایس پی صدر اور ایس پی انویسٹی پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دیں۔

ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں ملوث 5 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر کے رمنا تھانے منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ طالبعلم کا پوسٹ مارٹم بھی مکمل ہو گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کے اہلخانہ کی جانب سے درخواست کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں