پاکستانی خبریں

نواز شریف نے عوام کے حق کے لیے اپنی تین حکومتیں قربان کردیں، مریم نواز

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے عوام کے حق کے لیے اپنی تین حکومتیں قربان کردیں۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سکھر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے محبت کرنے والا ہر شہری نظریہ نواز شریف کو ماننے والا ہے، جب بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا وہ دور نواز شریف کا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی غریب کا چولہا جلا، کاروبار چلنے لگا دور نواز شریف کا تھا، پاکستان کے لیے جمہوریت کی بات ہوگی تو نواز شریف کا نام آئے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ جس موٹروے پر سفر کرکے آئی وہ نواز شریف نے بنائی، ملک میں ترقی کی ہر تختی پر ان کا نام لکھا ہوا ہے، آج ن لیگ کی حکومت نہیں تو غربت اور مہنگائی کے ڈیرے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف واپس آئیں گے اورترقی کاسفر وہیں سے شروع ہوگا جہاں سے رکا تھا، مریم نواز ، پی ڈی ایم اور اپوزیشن کے پاس عوام کی طاقت ہے، جس کے پاس عوام کی طاقت ہوتی ہے وہ کسی ادارے کو نہیں دیکھتے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں چند اور سینئر قیادت کے استعفے بھی کچھ دن میں آجائیں گے، ہمارے دو ارکان کے استعفے کسی نے شرارت سے اسپیکر کو بھیج دئیے، اسپیکر سے کہتی ہوں دونوں ارکان کو بلائیں اور استعفے منظور کریں۔

Related Articles

Back to top button