پاکستانی خبریں

احتساب عدالت کے جج کا ن لیگی رہنما پر اظہار برہمی

احتساب عدالت کے جج ن لیگی رہنما پر برس پڑے اور کہا کہ آپ باز نہیں آئیں گے تو میں اٹھ کر چلا جاؤں گا۔احتساب عدالت لاہور میں اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ کمرہ عدالت میں شور شرابے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ شہباز شریف سے ملاقات کرنے آئے ہیں اب وہ باہر چلے جائیں۔ آپ لوگوں کے شور سے سماعت میں مشکل آ رہی ہے ایک ایک سوال ملین ڈالر کا ہے۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے ن لیگی رہنما رانا مشہود کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رانا مشہود آپ کے ہوتے ہوئے بھی شور ہو رہا ہے ،اگر آپ باز نہیں آئیں گے تو میں اٹھ کر چلا جاؤں گا۔

نیب گواہ کے بار بار کھانسنے پر عدالت نے اظہار تشویش کیا، عدالت نے نیب گواہ سے استفسار کیا کہ کیا آپ کی طبیعت ٹھیک ہے۔ عدالت نے گواہ کو حکم دیا کہ آپ اپنے ماسک کو ٹھیک سے پہنیں۔

قبل ازیں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف نے عدالت میں بیان ریکارڈ کروایا، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر مجھے اجازت ہو تو ہیلتھ ایشوز سے متعلق آگاہ کر دوں۔ میں کینسر کا مریض ہوں، کمر کی تکلیف ہے اور گزشتہ روز ڈاکٹر آیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے کینسر کی شکایت ہے اور اب تک وہ ڈاکٹرز نہیں آئے۔ گزشتہ روز صرف اسپائن کے ایکسپرٹ آئے تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مجھے صرف سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے جبکہ میرے ساتھ ایسا کسی کے کہنے پر کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا معدے اور کینسر کے حوالے سے چیک اپ نہیں ہو رہا۔ سپریٹنڈنٹ سے پوچھا تو اس نے بے بسی کا اظہار کیا،۔

عدالت نے شہباز شریف کے وکیل کو درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کہا کہ آپ کا جو مسئلہ ہے آپ لکھ کر مکمل طور ہر عدالت کو آگاہ کریں،آپ جب درخواست دیں گے تو اس پر علیحدہ سماعت کروں گا۔

Related Articles

Back to top button