پاکستانی خبریں

پی آئی اے نے لیز پر حاصل اے ٹی آر72 طیارے بیڑے سے خارج کر دیئے

قومی ایئرلائنز نے نئے طیارے اپنے بیڑے میں شامل کرنے کی غرض سے مہنگی لیز پر حاصل اےٹی آر72 طیارے بیڑے سےخارج کردئیے ہیں۔

بیڑے سےخارج کئے گئے طیارے آپریشن اور لاگت کے لحاظ سے غیر موافق اور غیر منافع بخش تھے، طیارے دوہزار پندرہ میں لیز پر حاصل کیے گئے تھے جو موجودہ حساب سے بہت مہنگے پڑ رہے تھے۔

طویل لیز معاہدہ ان طیاروں کی واپسی کی راہ میں رکاوٹ تھا، مگر کووڈ وبا کے دوران سی ای او قومی ایئر لائنز کی ہدایات پر پی آئی اے نے معاہدے کی خاص شق سے فائدہ اٹھا یا، جس کے بعد پہلا طیارہ اے پی بی کے وائی صبح کراچی سے جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ روانہ ہوگیا ہے۔

سی ای او پی آئی اے ارشد ملک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق موجودہ حالات میں یہ فیصلہ مشکل مگر ناگزیر تھا، ٹیم نے کامیاب مذاکرات کرکے اس اقدام کو ممکن بنایا وہ قابل تحسین ہیں۔

ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے اپنے بیڑے کو جدید بنانے کے راستے پر گامزن ہے، جلد نئے طیارے بیڑے میں شامل ہوکر اپنی پراڈکٹ کو بہتر بنائیں گے، جدید طیارے ہمارے مہمانوں کی خواہش تھی جو جلد پوری ہوگی، اس سے قبل پی آئی اے منافع بخش ای ٹی آر 42چھوٹے ہوائی اڈوں سے آپریٹ کرتی رہی ہے۔

Related Articles

Back to top button