پاکستانی خبریں

پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو بلاول بھٹو نے استعفوں پر بات کرنے سے روک دیا: یوسف رضا گیلانی

پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے بتایا ہے کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے رہنماؤں کو استعفوں پر بات کرنے سے روک دیا ہے۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے نیب ریفرنس میں احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے دو ٹوک انداز میں کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک فرنٹ (پی ڈی ایم) کے فیصلوں پر من وعن عمل درآمد کیا جائے گا۔

اسمبلیوں سے استعفوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے اندر اختلافات اور تحفظات سے متعلق سوال کے جواب میں یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پارٹی فیصلے جب ہوتے ہیں تو وہ پوری پارٹی کیلئے ہوتے ہیں، استعفوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے جو رہنما ٹی وی چینلز پر بات کررہے تھے، چیئرمین پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انہیں روک دیا ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے رہنماؤں کو کہا ہے کہ آپ پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ (سی ای سی) کے اجلاس تک انتظار کریں اور وہ سی ای سی میٹنگ تک پارٹی کو اعتماد میں لیں گے۔

دوسری جانب کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک مختلف پارٹی ہے، جس دن ہماری قیادت کا حکم آیا ہم استعفیٰ دے دیں گے، استعفے ہروقت ہماری جیبوں میں ہوتے ہیں۔ ایم کیو ایم کے نسل پرستی کے الزامات سے متعلق سوال کے جواب میں مراد علی نے کہا کہ اللہ پاک ایم کیو ایم والوں کو ہدایات دے یہ ہمیں نسل پرست کہتے ہیں۔

واضح رہے کہ حزب اختلاف کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی 31 دسمبر تک پارٹی قائدین کے پاس اپنے استعفے جمع کروا دیں گے۔ اس سلسلے میں اب تک ن لیگ اور جے یو آئی کے متعدد رہنماؤں نے اپنے استعفے پارٹی قیادت کو جمع کرادیے ہیں تاہم پی پی پی کی طرف سے خاموشی نظر آرہی ہے۔

Related Articles

Back to top button