پاکستانی خبریں

منفرد تہذیب و ثقافت کے امین سندھ کے باسی آج سندھی کلچرل ڈے بھرپور انداز سے منا رہے ہیں

سندھی کلچرل ڈے آج انتہائی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، سندھ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ریلیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

خوب صورت سندھی ٹوپی اور اجرک سندھ کی قدیم ثقافت کی علامات ہیں، اپنی منفرد تہذیب و ثقافت کے امین سندھ کے باسی آج سندھی کلچرل ڈے بھرپور انداز سے منا رہے ہیں۔

امن اور محبت کی زمین سندھ کے لوگ اس دن کا نہ صرف سال بھر انتظار کرتے ہیں بلکہ تیاری بھی خوب کرتے ہیں، اپنی ثقافت سے محبت کا اظہار کرنے کے لیے ریلیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
سندھی کلچرل ڈے کی مناسبت سے کراچی سی ویو پر بھی ریلی نکالی گئی جس میں سندھی اجرک اور ٹوپی پہن کر نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، شرکا لوک گیتوں پر جھومتے نظر آئے۔

واضح رہے کہ سندھی ثقافت اور تہذیب دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں اور ثقافتوں میں سے ایک ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھی کلچرل ڈے پر پیغام میں سندھ سمیت دنیا بھر میں یوم ثقافت منانے والوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا سندھ کی تہذیب ارض پاکستان کا تاج ہے، یومِ ثقافت سندھ ہم آہنگی و بھائی چارے کا پیغام ہے، آج کا دن نوجوانوں کا ہے جو عظیم ثقافت و تہذیب کے امین ہیں۔

سندھ کلچرل ڈے پر وزیر اعلیٰ پنجاب آفس میں بھی سندھی یوم ثقافت پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر اعلیٰ مہمان خصوصی تھے، انھوں نے یوم ثقافت پر سندھ کے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا سندھ کی ثقافت کا شمار دنیا کی عظیم اور قدیم ثقافتوں میں ہوتا ہے، سندھ کی ثقافت پاکستان کی ثقافت کی خوب صورتی ہے، سب ثقافتیں سانجھی ہیں، سندھی ثقافت کا دن منا کر دلی خوشی ہوئی۔

تقریب میں عثمان بزدار، فردوس عاشق اور سیکریٹری اطلاعات کو اجرک بھی پہنائی گئیں، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو سندھ کے معروف لوک گلوکار علن فقیر کا پورٹریٹ پیش کیا گیا۔

Related Articles

Back to top button