پاکستانی خبریں

بلین ٹری سونامی منصوبہ: سپریم کورٹ کے احکامات، وزیر اعظم نے ہدایات جاری کر دیں

بلین ٹری سونامی منصوبے کے حوالے سے عدالت عظمیٰ کے احکامات پر حکومت متحرک ہو گئی۔

وزیر اعظم عمران خان نے بلین ٹری منصوبے کی مکمل تفصیلات عدالت کو فراہم کرنے کی ہدایت کر دی، اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی ملک امین اسلم نے آج مشاورت کی۔

ملاقات میں وزیر اعظم نے بلین ٹری منصوبے کی مکمل تفصیلات عدالت کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا اعلیٰ عدالت کو منصوبے کی مکمل تفصیل اور شفافیت سے آگاہ کیا جائے۔

سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق تمام صوبوں سے بھی مستند ڈیٹا طلب کر لیا گیا ہے، بلین ٹری منصوبے کی ڈرون فوٹیج اور مستند تصاویر بھی ریکارڈ کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی حکومت نے سیٹلائٹ امیجز کے لیے اسپارکو سے بھی رابطہ کیا ہے، اسپارکو سے بلین ٹری منصوبے کی سیٹلائٹ امیجز فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

معاون خصوصی ملک امین اسلم کا کہنا ہے کہ بلین ٹری وفاقی حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، منصوبے میں مکمل شفافیت کے پہلو کو روز اوّل سے مقدم رکھا گیا۔

انھوں نے کہا یہ منصوبہ وزیر اعظم کے میرٹ اور شفافیت کے وژن کے مطابق جاری ہے، عالمی ماحولیاتی اداروں نے بھی منصوبے سے متعلق شفافیت کا اعتراف کیا، اس منصوبے کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے عدالت سے بھرپور تعاون کریں گے۔

یاد رہے کہ یکم دسمبر کو سپریم کورٹ میں 10 بلین ٹری سونامی منصوبہ کیس کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے اس منصوبے کی تمام تفصیلات تصاویر سمیت طلب کر لی تھیں، سپریم کورٹ نے وزارت موسمیاتی تبدیلی سے بھی سیٹلائٹ تصاویر مانگیں۔

Related Articles

Back to top button