پاکستانی خبریں

سٹیزن پورٹل میں سب سے بڑا مسئلہ سامنے آیا کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم کام نہیں کرتا: وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مقامی حکومت کا ایسا نظام لارہے ہیں جس سے تبدیلی آجائے گی اور اب شہری حکومت بھی صوبوں کی طرح ہوگی۔

سٹیزن پورٹل کی 2 سالہ کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ‘غلاموں کے وہ حقوق نہیں ہوتے جو آزاد شہریوں کے ہوتے ہیں، عوام کی خدمت کرنا حکومت کا فرض ہے، 30 لاکھ لوگوں نے سٹیزن پورٹل کا استعمال کیا، ہمارے ملک میں بلدیاتی حکومت کا نظام ٹھیک طرح نہیں چل رہا تاہم ہم نئی طرز کا بلدیاتی حکومت کا نظام لائے ہیں جس سے نچلی سطح پر فنڈز جائیں گے۔’

انہوں نے کہا کہ ‘سٹیزن پورٹل میں سب سے بڑا مسئلہ سامنے آیا کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم کام نہیں کرتا لیکن اب شہری حکومت بھی صوبوں کی طرح ہوگی، ہم ایسا لوکل گورنمنٹ نظام لارہے ہیں جس سے تبدیلی آجائے گی۔’

 

ان کا کہنا تھا کہ ‘اوورسیز پاکستانیوں نے سٹیزن پورٹل کا بھرپور استعمال کیا ہے، سندھ اور پنجاب میں ضلع کی سطح پر کرپشن سے لوگ بہت تنگ ہیں، کوئی اے سی، ڈی سی یا تھانے دار تنگ کرے تو لوگ سٹیزن پورٹل پر شکایت کریں، جبکہ اب تبادلہ نہیں ہوگا بلکہ کرپٹ افسر نوکری سے جائے گا۔’

عمران خان نے کہا کہ ‘ہم سٹیزن پورٹل کو مزید بہتر اور مضبوط کریں گے،سٹیزن پورٹل سے عوام کے اختیارات بڑھیں گے، بیوروکریسی کے معیار اوپر جائیں گے، سول سرونٹس کے لیے اصلاحات بھی لارہے ہیں، اداروں کی کارکردگی کا علم ہوگا تو سزا و جزا دینا آسان ہوجائے گا۔’

Related Articles

Back to top button