پاکستانی خبریں

الیکشن کمیشن پاکستان نے تمام ضمنی انتخابات 31 جنوری تک مؤخر کردیے

 الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) نے آئندہ برس 31 جنوری تک کوئی ضمنی انتخاب نہ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق فیصلہ عالمی وبا کورونا وائرس سے متعلق امور کی نگرانی کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کی تجاویز کی روشنی میں کیا گیا۔

تاہم اس پر پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سخت ردِ عمل آیا جس کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخاب آئینی ذمہ داری ہے جسے لازمی ادا کیا جانا چاہیے۔

اس وقت قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی 6 نشستوں پر ضمنی انتخاب ہونے ہیں۔

مذکورہ فیصلہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں ہونے والے الیکشن کمیشن پاکستان کے ایک اجلاس میں کیا گیا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کی چیئرپرسن اور پیپلز پارٹی کی رہنما سسی پلیجو نے اس فیصلے پر تحفطات کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن پر اسے واپس لینے کے لیے زور دیا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن پاکستان نے حکومت خیبر پختونخوا کو ہدایت کی کہ صوبے میں بلدیاتی حکومتوں کے انتخابات کے لیے جلد از جلد ضروری چیزیں مکمل کی جائے۔

کمیشن نے یہ معاملہ سپریم کورٹ کے حکم کے کچھ روز بعد اٹھایا جس میں عدالت نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتظامیہ کی غیر موجودگی کو ڈھٹائی سے قانون کو نظر انداز کرنا قرار دیا اور آئین و قانون کی تعمیل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی حکومتوں کی مدت 8 اگست 2019 کو اختتام پذیر ہوگئی تھی اور یہاں کی صوبائی حکومت بھی دیگر صوبائی حکومتوں کی طرح انتخابات میں مداخلت کررہی ہے۔

Related Articles

Back to top button