پاکستانی خبریں

مریم نواز نے ملتان میں پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کا اعلان کردیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدرمریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ وہ پی ڈی ایم کے زیر اہتمام ملتان میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں شرکت کریں گی۔

 انہوں نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے مجھے ہدایت کی ہے کہ پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کروں۔

ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے اپنی صاحبزادی سے کہا ہے کہ جلسے میں شرکت کے وقت اپنا دکھ درد ایک طرف رکھ دینا۔

اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی اتحاد پی ڈی ایم کے زیر اہتمام قاسم باغ ملتان میں جلسہ عام کا انعقاد 30 نومبر کو کیا جائے گا۔

پی ڈی ایم میں شامل جماعت پاکستان پیپلزپارٹی اس جلسہ عام کی میزبان ہے۔ پی پی کا 30 نومبر کو یوم تاسیس بھی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کچھ دیر قبل ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ وہ جب جیل میں تھیں تو انہیں چوہوں کا بچا ہوا کھانا کھلایا جاتا تھا۔

اپنی رہائش گاہ جاتی امرا میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے تھارائیڈ کا مسئلہ تھا لیکن مجھےادویات بھی صحیح نہیں دی جاتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جیل میں فنگس زدہ ادویات کھانے پر مجبور تھیں۔

ن لیگ کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ جس طرح کے ملک کے حالات ہوچکے ہیں، اس میں حکومت کاجانا بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو تو اس قابل بھی نہیں سمجھتے کہ لوگ ان پر الزام عائد کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ میرے بہنوئی کے دوست کے پلاٹ پر قبضہ ہے لیکن کوئی وزیراعظم کو بتانے والا نہیں ہے کہ ایسی باتیں ٹی وی پر نہیں کرتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ حمزہ شہباز کو نوازشریف سے وفاداری کی سزادی جارہی ہے جب کہ شہباز شریف بھی نوازشریف سے وفاداری کی وجہ سے قید کاٹ رہے ہیں۔

Related Articles

Back to top button