پاکستانی خبریں

بیگم شمیم اختر کی میت ہفتے کی صبح لاہور پہنچائی جائے گی، مریم اورنگزیب

سابق وزیراعظم نوازشریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی میت جمعرات کو لندن سے پاکستان روانہ کی جائے گی۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کی مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مرحومہ کی میت ہفتے کی صبح لاہور پہنچائی جائے گی۔

ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کے مطابق مرحومہ بیگم شمیم اختر کی تجہیزوتکفین کے لیے انتظامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ مرحومہ کی نماز جنازہ کے وقت اور مقام کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا تھا کہ بیگم شمیم اختر کی میت جس دن آئے گی اسی روز ظہر کے بعد نماز جنازہ ہوگی۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ میت پاکستان لانے کے لیے آج بھی مشاورت ہوئی ہے، مشاورت کے بعد دیگر آپشن دیکھیں گے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اگر کاغذی کارروائی مکمل ہوتی ہے تو کل ہی قطر ائیر لائن سے میت لائی جائے گی۔ لندن سے کوثر شریف اور ان کے خاوند میت کے ساتھ آئیں گے۔

خیال رہے کہ بیگم شمیم اختر چند روز قبل لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔ وہ طویل عرصے سے علیل تھیں۔ مرحومہ کو لاہور میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق بیگم شمیم اختر کو الزائمر کی بیماری لاحق تھی اور ان کے سینے میں شدید انفیکشن ہوگیا تھا۔

Related Articles

Back to top button