پاکستانی خبریں

ایم ایل ون منصوبے سے ریلوے میں روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع میسر آئیں گے

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایم ایل ون منصوبے سے پاکستان میں ریل کے شعبے میں انقلاب آئے گا۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے پاکستان میں تعینات چین کے نئے سفیرنونگ رونگ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان چین تعلقات اور ریل منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں ریلوے کے کراچی پشاور مین لائن ون منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان لازوال دوستی باہمی اعتماد اور بھروسے پر قائم ہے جبکہ ایم ایل ون منصوبے سے پاکستان میں ریل کے شعبے میں انقلاب آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے سے ریلوے میں روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع میسر آئیں گے اور ایم ایل ون منصوبے کے لیے چینی اشتراک پر بے حد مشکور ہیں جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔

چینی سفیر نے کہا کہ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ تعلقات کا مظہر ہے۔

وزیر ریلوے نے پاکستان میں تعینات نئے چینی سفیر کو وزارت ریلوے آنے پر خوش آمدید کہا اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ نئے سفیر نے پاک چین تعلقات میں مزید بہتری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Related Articles

Back to top button