گلگت بلتستان کے حلقہ جی بی اے 3 میں پولنگ جاری

گلگت بلتستان کے حلقے جی بی ایل اے 3 میں ملتوی ہونے والی پولنگ آج ہورہی ہے۔

حلقہ جی بی ایل اے تھری میں پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوگئی ہے جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی، اس حلقے میں پی ٹی آئی امیدوار جعفرشاہ کے انتقال کے باعث پولنگ ملتوی کی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹنگ کے لئے تہتر پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، جن میں مردوں کے31،خواتین کے35اور7مشترکہ پولنگ اسٹیشنز ہیں، مجموعی طور پر ڈیڑھ سو پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، جن میں 81مردوں کےلئےجبکہ 69خواتین کےلئےمختص کئے گئے ہیں۔

حلقہ نمبر3میں رجسٹرڈ ووٹرزکی تعداد41ہزار360ہے، جن میں مرد ووٹرزکی تعداد 22ہزار341 اورخواتین ووٹرز کی تعداد19ہزار19ہے۔

جی بی ایل اے تھری میں آٹھ آزاد سمیت پندرہ امیدواروں میدان میں ہیں، پی ٹی آئی نے مرحوم جعفرشاہ کی جگہ ان کے بیٹے سہیل عباس کوٹکٹ دیا ہے، ن لیگ نےذوالفقارعلی اور ق لیگ نےکیپٹن (ر)محمدشفیع کومیدان میں اتاراہے، پیپلزپارٹی کےصوبائی نائب صدر آفتاب حیدر اس حلقےسے امیدوارہیں اور سابق وزیر تعمیرات محمد اقبال بھی آزاد امیدوارکی حیثیت سے مقابلے میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان حکومت کی تشکیل نو کے لئے تحریک انصاف نے اپنی تعداد پوری کرلی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں