پاکستانی خبریں

کورونا وائرس سے مزید 42 افراد جاں بحق، 2 ہزار 843 نئے کیسز رپورٹ

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 42 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 2 ہزار 843 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا حملوں میں ایک بار پھر تیزی آ گئی ہے اور گزشتہ 130 روز کے دوران متاثر ہونے والے افراد کی تعداد آج سب سے زیادہ ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 71 ہزار 508 ہوگئی جبکہ 7 ہزار 603 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ایک ہزار 389 مریض صحت یاب ہوئے اور اب تک مجموعی طور پر 3 لاکھ 28 ہزار 931 شفا یاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 26 ہزار 177، خیبر پختونخوا میں 43 ہزار 730، سندھ میں ایک لاکھ 61 ہزار 28، پنجاب میں ایک لاکھ 13 ہزار 457، بلوچستان میں 16 ہزار 699، آزاد کشمیر میں 5 ہزار 911 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 506 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 2 ہزار 826 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 2 ہزار 799، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 323، اسلام آباد میں 270، گلگت بلتستان میں 93، بلوچستان میں 158 اور آزاد کشمیر میں 134 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہرشروع ہو چکی ہے۔ دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے ایس اوپیز پر سختی سےعمل کرنا ہو گا۔

این سی او سی کے مطابق ملک کے 15 شہروں میں کورونا وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔ پاکستان میں اسی فیصد کورونا کیسز گیارہ بڑے شہروں سے رپورٹ ہوئے۔

صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بازاروں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس میں ایس او پیز اور ماسک کو لازم قرار دیں۔

شہری گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک لازمی پہنیں۔ حکومتی اور نجی سیکٹرز کے دفاتر میں کام کرنے والوں کے لیے ماسک پہننا لازم ہے۔

Related Articles

Back to top button