پاکستانی خبریں

پنجاب: کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر متعدد اضلاع کے تعلیمی سربراہان چھٹیوں کے حامی

پنجاب میں عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر متعدد اضلاع کے تعلیمی سربراہان نے چھٹیوں کی حمایت کر دی۔

ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے سربراہان کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کی دوسری لہر کے باعث اسکولوں میں چھٹیوں پر مشاورت کی گئی۔

سربراہان نے اجلاس میں موقف اپنایا کہ کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے، طلبا اور اساتذہ کی زندگیاں داؤ پر ہیں لہذا فی الوقت چھٹیاں دے کر تعلیمی سال میں توسیع کردی جائے۔

انہوں نے استدعا کی کہ گرمیوں کی چھٹیوں کو کم کردیا جائے۔ جس پر ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ 23 نومبر کو اجلاس ہو رہا ہے تجویز وہاں پیش کروں گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ہم نیوز کے مارننگ شو ‘صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا تھا کہ کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر اگر تعلیمی ادارے بند کرنا پڑے تو یہ فیصلہ بھی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی کورونا وائرس کی وجہ سے تعلیم کا حرج ہوا اور بچوں کا تعلیمی نقصان ہوا۔

میزبان اویس منگل والا اور شفا یوسفزئی سے ملاقات کے دوران مراد راس نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) میں تعلیمی اداروں سے متعلق تجاویز دی ہیں۔

صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ کل پنجاب کے تعلیمی اداروں سے متعلق اجلاس طلب کیا ہے۔ صوبائی، ضلعی اور ملکی سطح پر کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔

Related Articles

Back to top button