پاکستانی خبریں

پشاور جلسہ ہر صورت ہوگا، ترجمان پی ڈی ایم

پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کا 22 نومبر کو پشاور جلسہ ہرصورت ہوگا۔

جاری بیان میں ترجمان پی ڈی ایم نے کہا ہے کہ پشاور جلسے کی تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کے پاور شوز سے گھبرا کرحکومت کو کورونا یاد آگیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم کے مطابق کارکنان کورونا ایس اوپیز پرعمل پیرا ہوکر اور ماسک پہن کر جلسے میں شرکت کریں گے۔ انتقامی کارروائیوں سے اپوزیشن کی تحریک رکےگی نہیں بلکہ رفتار مزید تیز ہوگی۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے گزشتہ روز چارٹر آف پاکستان سے متعلق پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی تھی جو میثاق پاکستان مسودے پر سفارشات تیار کرے گی۔

ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کی بنائی گئی پانچ رکنی کمیٹی میں کمیٹی میں مسلم لیگ ن کے احسن اقبال، پیپلز پارٹی کی شیری رحمان اور رضا ربانی، خرم دستگیر، کامران مرتضیٰ شامل ہیں۔

پی ڈی ایم نے گیارہ جماعتوں میں سے تین جماعتوں سے اراکین کو کمیٹی کے لیے منتخب کیا ہے جب کہ آٹھ چھوٹی جماعتوں میں سے کسی کو بھی اس کمیٹی میں شامل نہیں کیا گیا۔

گزشتہ روز پی ڈی ایم اجلاس کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ حکومت مخالف تحریک کی رفتارکو تیز کیا جائے گا،کورونا کی آڑ میں جلسوں پر پابندی کو مسترد کرتے ہیں۔ پی ڈی ایم جلسے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ گلگت بلتستان انتخابات 2018 الیکشن کا ری پلے تھا۔ انتخابات میں دھاندلی سے پی ڈی ایم بیانیےکو تقویت ملی۔ تمام جماعتو ں نے اس پر اتفاق کیا ہے اور گلگت بلتستان انتخابات کے نتائج کو مسترد کردیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وفاقی، جمہوری، پارلیمانی اور اسلامی آئین کی عملداری کو یقینی بنایاجائے گا۔ انتقامی احتساب کو مسترد کرتے ہیں۔

سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس میں کیوں تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔ شبر زیدی کے اعترافات حکومت کے خلاف ایف آئی آر ہے۔ یہ لوگ دھاندلی کےعادی ہیں،ہم ان کا راستہ روکیں گے

انہوں نے کہا تھا کہ اجلاس میں پی ڈی ایم نے پانچ رکنی کمیٹی قائم کردی ہے،کمیٹی چارٹر آ ف پاکستان کے حوالے سے کام کرے گی۔

Related Articles

Back to top button