پاکستانی خبریں

چوروں نے جس طرح پاکستان کو لوٹا اسی طرح گلگت بلتستان کو بھی نہیں چھوڑا، مراد سعید

وفاقی وزیر مواصلات اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو جان لیں پرچی پر صوبے نہیں بنتے۔

گلگت بلتستان کے علاقے خپلو میں وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما مراد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوروں نے جس طرح پاکستان کو لوٹا اسی طرح گلگت بلتستان کو بھی نہیں چھوڑا اور بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے گلگت بلتستان پر کوئی توجہ نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نعرہ تھا کھاتا ہے تو لگاتا بھی تو ہے اور سابق صدر آصف علی زرداری کا نعرہ تھا کھاتا ہے تو کھلاتا بھی ہے لیکن وزیر اعظم عمران خان نہ کھاتا ہے نہ کھانے دیتا ہے اور جو کھا چکے ہیں ان سے بھی حساب لیں گے۔ بلاول بھٹو کا غریب سے تعلق اتنا ہے جتنا کلو کا انڈوں سے اور آلو کا درجن سے ہے،

وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک میں سب سے پہلا حق گلگت بلتستان کا تھا اور ہماری حکومت نے گلگت بلتستان میں خصوصی اقتصادی زون کے قیام کے لیے اقداما ت کیے ہیں۔ گلگت بلتستان کی سڑکیں ٹھیک کرنا ماضی کی حکومتوں کا کام تھا لیکن نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں علاقے کے مسائل حل کریں گے۔ عمران خان نے صحت کارڈ کا آغاز خیبر پختونخوا سے کیا اور گلگت بلتستان کے لوگوں کے لیے بھی صحت انصاف کارڈ کا اعلان کیا ہے۔ شندور اور چترال شاہراہ بھی سی پیک کا حصہ ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ کیا سابقہ حکومتوں نے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا مطالبہ پورا کیا ؟ وزیر اعظم عمران خان نے صوبہ بنانے کا آپ کا مطالبہ پورا کیا۔ بلاول بھٹو ہر جگہ پر پرچی لہرا رہے ہیں کہ اس میں لکھا ہے صوبہ بنائیں گے انہیں یہ معلوم ہو پرچی پر صوبے نہیں بنتے، جب پیپلز پارٹی کی حکومت تھی اس وقت صوبہ کیوں نہیں بنایا ؟

انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ غربت سندھ کے علاقے تھر میں ہے۔ نواز شریف نے کہا مجھے کیوں نکالا تو انہیں بتا دیں کہ آپ نے چوری کی، ڈاکہ ڈالا اس لیے نکالا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے لیے 100 فیصد مفت علاج کا اعلان کیا ہے اور اب عوام کے تعاون سے پی ٹی آئی گلگت بلتستان میں بھی حکومت بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں جب بھی پارلیمنٹ میں تقریر کے لیے کھڑا ہوتا ہوں تو یہ غائب ہو جاتے ہیں، اگر آپ کے نمائندے کام نہیں کرتے تو سمجھو وہ لوٹ رہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے عالمی سطح پر اسلام کا مقدمہ لڑا جس کے بعد ایک اسرائیلی این جی او نے عمران خان کے خلاف مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

Related Articles

Back to top button