پاکستانی خبریں

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے چین کے نئے سفیر نونگ رونگ کی ملاقات

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات چین کے نئے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کےامور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ یفتے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں تعینات چین کے نئے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی تھی.

ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور کورونا کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

ملاقات کے دوران وزیرخارجہ نے کہا تھا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت جاری تمام منصوبوں کی تیز تر تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی سفیر کو منصب سنبھالنے پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور چین کے مابین مثالی برادرانہ تعلقات اور لازوال دوستی کو پوری دنیا جانتی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان اور چین نے ہر مشکل اور کٹھن وقت میں ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کی۔ کورونا سے نمٹنے کیلئے چین کی جانب سے فراہم کی جانے والی بروقت معاونت قابل تحسین ہے۔

دوران ملاقات چینی سفیر نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے اپنی تمام تر کاوشیں بروئے کار لانے کا یقین دلایا تھا۔

خیال رہے کہ ستمبر میں پاکستان میں قائم چینی سفارت خانہ نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پاک چین تعلقات پر بیان کو سراہتے ہیں۔

اسلام آباد سے جاری اپنے ایک بیان میں چینی سفارت خانے کا کہنا تھا کہ سی پیک کو آگے بڑھانے میں پاکستان کے سی پیک اتھارٹی کے کردار کو بھی سراہتے ہیں۔

چینی سفارت خانہ کا مزید بتانا تھا کہ حکومت پاکستان کے ساتھ مل کرکام جاری رکھیں گے۔

یاد رہے کہ دو ماہ قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ حکومت سی پیک سے بھر پور فائدہ اٹھا ئے گی کیونکہ یہ منصوبہ پاکستان کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔

Related Articles

Back to top button