پاکستانی خبریں

فیصل آباد میں بدنام زمانہ ڈکیت کا بھائی پولیس مقابلے میں ہلاک: پنجاب پولیس

پنجاب پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے دوران بدنام زمانہ ڈکیت لونگ گواچا کا بھائی شعبان شانی مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر فیصل آباد میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف خفیہ اطلاعات موصول ہونے پر چھاپہ مار کارروائی کی مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ملزم شعبان ہلاک جبکہ ساتھی فرار ہوگیا، پولیس نے ہلاک ملزم کے پاس اسلحہ برآمد کرکے قبضے میں لےلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم شعبان شانی ڈکیتی ، بھتہ خوری سمیت متعدد مقدمات میں ملوث تھا، اس سے قبل ملزم شعبان کا بھائی بدنام زمانہ ڈکیت رضوان عرف لونگ گواچا بھی پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ فیصل آباد میں پنجاب پولیس نے بچوں سے زیادتی اور قتل کی وارداتوں میں ملوث چار ملزمان کو مقابلے کے دوران ہلاک کردیا تھا۔

مقابلے کے بعد پولیس نے موقف اختیار کیا تھا کہ گرفتار ملزمان سجاد اور اللہ دتہ کو اسلحہ برآمدگی کےلیے لے جایا جارہا تھا کہ اس دوران اچانک زیر حراست ملزمان کو چھڑانے کےلیے آٹھ دیگر ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں سجاد، اللہ دتہ، عابد حسین اور خالد ہلاک ہوگئے، ہلاک ڈاکو عابد ڈکیتی و راہزنی کے 41 جبکہ خالد 43 مقدمات میں ملوث تھا۔

Related Articles

Back to top button