پاکستانی خبریں

شاہ محمود قریشی کا ترک ہم منصب سے رابطہ، زلزلے اور امدادی کارروائیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترکی میں آنے والے زلزلے پر ٹیمیں اور فیلڈ اسپتال بھجوانے کی پیشکش کی، جس پر ترک وزیر خارجہ نے ان کی پیشکش اور نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب مولود چاؤش اوغلو سے فون پر رابطہ کیا، وزرائے خارجہ نے ترک شہر ازمیر میں زلزلے اور امدادی کارروائیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اوغلو نے بتایا کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.6 تھی، زلزلے سے 24 افراد جاں بحق ہوئے، 804 افراد زخمی اور 17 سے زائد عمارت کے گرنے کی اطلاعات ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ سنہ 2005 کے زلزلے کے بعد ترکی کی فراہم کردہ امداد نہیں بھولے، پاکستان کی حکومت اور قوم مشکل وقت میں ترک بھائیوں کے ساتھ ہے۔

وزیر خارجہ نے زلزلہ زدگان کی بحالی کے لیے ٹیمیں اور فیلڈ اسپتال بھجوانے کی پیشکش کی، ترک وزیر خارجہ نے ان کی پیشکش اور نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سر دست ہمیں کسی مالی معاونت کی ضرورت نہیں۔

ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ضرورت محسوس ہوئی تو پاکستان کی پیشکش کو سب سے پہلے قبول کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ترکی کے مختلف شہروں میں شدید نوعیت کا زلزلہ آیا، ترک میڈیا کے مطابق زلزلہ ترکی کے مغربی صوبے ازمیر کے ساحل سے 17 کلو میٹر دور آیا جس نے یونان کے جزیرے سیموس کو بھی متاثر کیا۔

زلزلے کے بعد ازمیر اور سیموس میں چھوٹے درجے کا سونامی بھی آیا، زلزلے سے ازمیر میں متعدد عمارتیں منہدم ہوچکی ہیں، شہر میں بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

Related Articles

Back to top button