پاکستانی خبریں

باریاں ٹوٹنے کی وجہ سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے، شہباز گل

وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کے بیانیے سے ملک کو نقصان ہو رہا ہے۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ یہ بغضِ عمران خان میں دوستی ہندوستان تک پہنچ گئے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان نے پہلی بار ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی باریاں توڑی ہیں، باریاں ٹوٹنے کی وجہ سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے، ان کا بیانیہ ملکی سلامتی کے لیے خطرناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا جلسوں کا بیانیہ اب اسمبلی تک پہنچ گیا، 24 گھنٹے میں ان کے بیانیے کا بھیانک انجام دیکھ لیا گیا۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ ایاز صادق ابھی نندن کی واپسی کا فیصلہ کرنےوالے کون ہوتے ہیں؟ فیصلہ سازی اپوزیشن نہیں حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے، آپ کو بتایا گیا تھا کہ حکومت یہ فیصلہ کیوں لے رہی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ یہ اپنے ٹکے بچانے کیلئے قومی سلامتی پر حملے کررہے ہیں، بھارت اپنی ہزیمت مٹانے کیلئے جو کہتا تھا وہی ایاز صادق نے کہا، ایاز صادق نے اپنے بیان کی وضاحت بھی غلط انداز میں کی۔

انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں کیلئے بابرکت دن ہے، آج کا دن سیاسی نہیں مگر نظریاتی سرحدوں پر حملے کا جواب ضروری ہے، حکومتی نمائندوں کا فرض ہوتا ہے کہ نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کریں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سچے اور پکے عاشق رسولﷺہیں، وزیراعظم نے ریاست مدینہ کے اصولوں پر چلتے ہوئے پناہ گاہیں قائم کیں اور شان رسالت ﷺمیں گستاخی پر احتجاج ریکارڈ کرایا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں عید میلاد النبیﷺمذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر کھڑے ہوکر حق ادا کیا، وزیراعظم نے مسلمان ممالک کے حکمرانوں کو خط لکھے۔

Related Articles

Back to top button