پاکستانی خبریں

حکومت پنجاب کا فلور ملز کے لیے گندم کے کوٹے میں اضافے کا فیصلہ

حکومت پنجاب نے آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لیے عوام دوست اقدام کرتے ہوئے فلور ملز کے لیے گندم کے کوٹے میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر فلور ملز کے لیے گندم کے کوٹے میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت 25 ہزار ٹن گندم روزانہ فلور ملز کو فراہم کرے گی، فیصلہ صوبے کے عوام کے مفادات کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں 20 کلو آٹا 860 روپے میں دستیاب ہے، آٹے کی قیمتوں اور فلور ملز کو گندم کے اجرا کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گندم کی نئی امدادی قیمت 1600 روپے فی من مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

اس سے قبل امدادی قیمت 1400 روپے فی من مقرر تھی جس میں 200 روپے کا اضافہ کیا گیا۔

اجلاس میں گندم کی درآمد کا حجم 18 لاکھ میٹرک ٹن کرنے کی بھی منظوری دی گئی، شرکا کو بتایا گیا کہ جنوری 2021 تک ٹی سی پی 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرلے گا۔

Related Articles

Back to top button