پاکستانی خبریں

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کورونا ٹیسٹ دوبارہ مثبت آگیا

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا دوبارہ کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ ان کا دو ہفتے قبل کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انہوں ںے خود قرنطینہ کرلیا تھا۔

 وزیراعلیٰ بلوچستان نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ ایس او پیز پرعمل درآمد کرنے کے علاوہ جن افراد میں علامات ظاہر ہوں وہ فوری طور پر خود کو قرنطینہ کرلیں۔

وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے دو ہفتے قبل 13 اکتوبر 2020 کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے دوسری لہر آنے کے خدشات بھی کچھ دن قبل ظاہر کیے گئے تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی کچھ دن قبل اپنی ٹوئٹ میں پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ دوسرے ممالک کی نسبت اللہ کے کرم سے پاکستان میں کورونا کم پھیلا لیکن سردیوں میں کورونا کی دوسری لہر آسکتی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ عوامی مقامات پر ہرکوئی ماسک پہنے، تمام دفاتر اور تعلیمی اداروں میں ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے۔

Related Articles

Back to top button