پاکستانی خبریں

حکمران اگر اتنا ڈرتے ہیں تو سیاست کیوں کرتے ہیں ؟ خورشید شاہ

پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو چاہیے تھا اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلتے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکمران اگر اتنا ڈرتے ہیں تو سیاست کیوں کرتے ہیں ؟ وزیر اعظم عمران خان کو چاہیے تھا کہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلتے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا کبھی نہیں ہوا کہ اپوزیشن کو بالکل دیوار سے لگا دیا گیا ہو اور ایسا بھی کبھی نہیں ہوا کہ ایک آئی جی کو اس طرح لے جایا جائے۔ اگر پولیس افسران نے احتجاج کیا تو یہ ان کا حق تھا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ قائد اعظم بابائے قوم ہیں اور اگر وہاں کسی نے جا کر فریاد کی تو کارروائی نہیں ہونی چاہیے تھی۔ اب اپوزیشن اور حکومت کے درمیان کسی قسم کا رابطہ ممکن نہیں رہا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت ایک پیج پر ہوں یہ ممکن نہیں رہا کیونکہ پیج ہی پھٹ گیا ہے۔ عمران خان شروع سے کپتان رہے ہیں اور حکم دینا ان کی عادت ہے۔ پی ڈی ایم کے دو جلسوں سے ہی حکومت ہل گئی ہے۔

مارشل لا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسیر رہنما نے کہا کہ ملک میں مارشل لا کے خلاف ہوں چاہے ہم حکومت میں نہ آئیں۔ میں سیاسی ورکر ہوں اور کبھی مارشل لا کی حمایت نہیں کروں گا۔

رہنما پیپلز پارٹی نے اپنے اوپر لگائے گئے الزام پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر 500 ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے جس کی وجہ سے 14 ماہ سے مجھے پابند سلاسل کیا گیا ہے لیکن نیب کے پاس ثبوت کوئی نہیں ہے۔

Related Articles

Back to top button