ڈاکوؤں کی فائرنگ سے معروف قوال شیر میانداد زخمی

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے معروف قوال شیر میانداد بیٹے سمیت زخمی ہوگئے ، واقعے کا مقدمہ تھانہ مدینہ ٹاؤن میں درج کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکپتن کے رہائشی معروف قوال شیر میانداد فیصل آباد کے علاقے گٹ والا میں مندراں والی سرکار کے عرس کی تقریب میں پرفارم کرنے کے بعد گھر واپس جا رہے تھے کہ علی الصبح ساڑھے تین بجے کے قریب کینال روڈ پر موٹرسائیکل دو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔

جس کے نتیجے میں دونوں باپ بیٹا زخمی ہوئے ، شیر میانداد کے سینے اور ان کے بیٹے عبید علی کے ہاتھ پر گولیاں لگیں جبکہ ڈاکو گاڑی میں موجود بیگ چھین کر فرار ہوگئے، بیگ میں دو لاکھ روپے رکھے تھے ۔

زخمی شیر میانداد اور ان کے بیٹے کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں حالت بہتر ہونے پر اہلخانہ انہیں لاہور کے نجی اسپتال لے گئے۔

تھانہ مدینہ ٹاون پولیس نے قوال شیر میانداد کے بیٹے عبید کی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا ہے، مقدمے میں راہزنی کی دفعہ شامل کی گئی ہے، مدعی عبید کے مطابق ملزمان کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان ہیں۔

دوسری طرف آئی جی پنجاب نے آر پی او فیصل آباد سے فائرنگ اور ڈکیتی کے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔

آئی جی پنجاب نے سی پی او فیصل آباد کو واقعےکی تفتیش اپنی نگرانی میں کرانےکاحکم دیتے ہوئے کہا ملزمان کوجلدگرفتارکرکےسخت قانونی کارروائی کی جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے معروف قوال شیرمیاندادپرفائرنگ کےواقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی اوفیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کی جلدگرفتاری کاحکم دیتے ہوئے کہا زخمی قوال شیرمیاندادکوعلاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں