پاکستانی خبریں

لاہور ہائی کوٹ نے پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کردی

لاہور ہائی کوٹ نے پھل فروش، دودھ فروش اور پرچون کے دکانداروں کو پولی تھین بیگز کے استعمال سے روکنے کا حکم دیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس شاہد کریم نے پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی سے متعلق درخواست پر احکامات جاری کیے۔

عدالت نے محکمہ ماحولیات کو پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی کے حکم پر عمل درآمد کروانے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کر لی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پولی تھین بیگز کے استعمال سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ ماحولیات عدالتی احکامات پر عمل نہیں کر رہا ہے۔

خیال رہے کہ ائیر کوالٹی انڈیکس میں دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور پانچویں نمبر پر آگیا ہے۔

فضائی آلودگی جانچنے والے عالمی ادارے کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور کا پانچواں نمبر ہے۔ لاہور بدستور دنیا بھر کے دس آلودہ ترین شہروں میں شامل ہے جبکہ گوجرانوالہ میں بھی ائیر کوالٹی انڈیکس ایک سو ستاون تک جا پہنچا ہے۔

ضائی آلودگی جانچنے والے عالمی ادارے کے مطابق لاہور میں مجموعی طور پر ائیر کوالٹی انڈیکس ایک سو باون ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ پاکستان کے آلودہ شہروں میں گوجرانوالہ پہلے نمبر پر ہے، جہاں ائیر کوالٹی انڈیکس ایک سو ستاون ہے۔

عالمی سطح پر ایک سو چوہتر ائیر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ انڈونیشیا کا شہر جکارتہ سرفہرست ہے، دہلی دوسرے، ڈھاکہ تیسرے اور تاشقند چوٹحے نمبر پر ہے۔

لاہور میں سب سے زیادہ آلودگی سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کے علاقے میں ریکارڈ کی گئی ہے۔ کلمہ چوک، اپر مال، شملہ پہاڑی چوک کے علاقے بھی دھوئیں اور آلودگی کی کی لپیٹ میں ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کیخلاف کارروائیوں میں تیزی لائیں تاکہ اسموگ سے نمٹا جا سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت سردی سے پہلے اسموگ کے خطرے سے نمٹے، تاکہ شہری پریشانی عوام سے بچ سکیں۔

Related Articles

Back to top button