پاکستانی خبریں

گلگت بلتستان کی عوام کو ان کے حقوق دلاؤ گا، بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم کتھ پتلی نظام سے جمہوریت چھین کر رہیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گلگت میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں ہم اسمبلی بنائیں گے اور تحریک جدوجہد گانچے سے شروع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں یہاں صرف انتخابات کے لیے نہیں آیا اور میں ایسا نہیں کہ اپنے وعدے سے مکر جاؤں، ہمیں گلگت بلتستان کی عوام کو ان کے حقوق دلانا پڑیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ بینظیر بھٹو نے روزگار دیا ہم نے بھی گلگت بلتستان کی عوام کو حقوق دینے ہیں۔ میں بھٹو کا نواسہ ہوں یوٹرن نہیں لیتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم گلگت بلتستان میں اپنی حکومت بنائیں گے اور میں نے جو وعدہ سال 2018 میں کیا تھا آج بھی وہی وعدہ ہے۔ ہم نے عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھے لوگ فیصلے کرتے ہیں لیکن آپ کی بات نہیں سنتے اور جو آپ کی بات سننے کو تیار نہیں وہ مسائل کیا حل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے دور میں پنشن 100 فیصد اور تنخواہوں میں 150 فیصد اضافہ ہوا تھا جبکہ سندھ میں مفت علاج کے اسپتالوں کا جال بچھا دیا۔ گمبٹ میں گردے اور جگر کا مفت علاج کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موجودہ حکومت نے دو سالوں میں صوبوں کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے اور اب صوبہ سندھ پر بھی حملہ کر رہے ہیں۔ عوام ان کے یوٹرن اور پروپیگنڈا پر یقین نہ کریں یہ نوجوانوں کا مستقبل تباہ کریں گے جس طرح ینگ ڈاکٹرز کا کر دیا ہے۔

Related Articles

Back to top button