پاکستانی خبریں

لائن آف کنٹرول: بھارت کی اشتعال انگیزیوں سے متاثر مقامی آبادی کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے، جنرل باجوہ

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے افسروں اور جوانوں کو ہدایت کی کہ بھارت کی اشتعال انگیزیوں سے متاثر مقامی آبادی کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے، جوان چوکنا رہ کر لگن کیساتھ ذمہ داریاں ادا کریں۔

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے ایل او سی پر چھمب سیکٹر کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا، ایل او سی پہنچنے پر کمانڈرراولپنڈی کارپس لیفٹیننٹ جنرل اظہرعباس نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول کی صورتحال اور سیز فائر خلاف ورزی پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ بھارت ایل او سی کے قریب پاکستانی آبادیوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنا رہا ہے۔

آرمی چیف نے اپنے دورے کے موقع پر پاک فوج کے آفیسرز اورجوانوں سے بھی ملاقات کی اورانہیں ہمہ وقت چوکس اورہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے پر داد تحسین پیش کی جبکہ افسروں وجوانوں کی پیشہ ورانہ تیاریوں کی تعریف کی۔

اس موقع پر آرمی چیف نے جوانوں سے خطاب میں کہا کہ پاک فوج مقامی آبادی کی ہرممکن مدد کیلئے وسائل بروئے کار لائے اور بھارتی اشتعال انگیزیوں سے متاثرہ افراد کی بھرپور مدد کی جائے۔

جنرل قمرجاوید باجوہ نے ہدایت کی پاک فوج کے جوان ثابت قدم رہ کر فرائض منصبی ادا کریں۔

Related Articles

Back to top button