پاکستانی خبریں

کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مقدمہ درج کرانے والے مفرور ملزم وقاص احمد کی ضمانت منظور

پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف مقدمہ درج کرانے والے مدعی و مفرور ملزم وقاص احمد نے حفاظتی ضمانت حاصل کرلی۔

سندھ ہائی کورٹ نے 30 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض مفرور ملزم وقاص کی ضمانت منظور کرلی۔

دوسری جانب ن لیگی رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف مقدمے کی تفتیش میں نیا موڑ آیا ہے۔ پولیس کے تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ جس وقت واقعہ ہوا وقاص احمد کی لوکیشن بقائی یونی ورسٹی کے قریب آئی ہے۔ وقاص نے ایف آئی آر میں جو موبائل نمبر درج کرایا ہے وہ واقعہ کے وقت وہاں نہیں پایا گیا ہے۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف مقدمہ درج کرانیوالے کی اپنی ضمانت سے متعلق خبر پر مریم نواز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز ہی کہا تھا طاقت کا استعمال کرو گے تو خود ہی بےنقاب ہوگے، طیش اچھی چیز نہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی کی مقامی عدالت نے پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت منظور کرلی تھی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف مزار قائد کی بےحرمتی سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد عدالت نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے پر رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

سماعت کے دوران عدالت نے کیپٹن صفدر کے وکلا کی جانب سے چیک اور پراپرٹی کاغذات لینے سے انکار کردیا تھا۔ عدالت نے کہا کہ پیپرزکی انکوائری کیلئے وقت درکار ہوگا۔

عدالت میں وکلا نے کیش پیسے جمع کرادیے، ایک لاکھ روپے کیش جمع کرانے پرعدالت نے رہائی کے احکامات جاری کیے تھے۔

کراچی سٹی کورٹ میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی پیشی کے موقع پر کمرہ عدالت میں شدید بدنظمی پیش آئی۔ عدالت میں پیشی کے وقت مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے حامی وکلا اور کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی تھی

گزشتہ روز کراچی پولیس نے کیپٹن (ر) صفدر کو کراچی کے نجی ہوٹل کے کمرے سے گرفتار کیا تھا۔ کیپٹن صفدر کو مزار قائد تقدس پامالی کیس میں گرفتار کرنے کے بعد عزیز بھٹی تھانے منتقل کر دیا گیا تھا۔

Related Articles

Back to top button