اورنج لائن میٹرو ٹرین کا کرایہ مختص کر دیا، نوٹیفکیشن جاری

اورنج لائن میٹرو ٹرین کا یکطرفہ کرایہ 40روپے فی مسافر مقرر کر دیا گیا ہے۔ سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے کرایہ کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب جہانزیب خان کھچی کا اس ضمن میں کہنا تھا کہ حکومت منصوبوں کی تکمیل کی پالیسی پر کاربند ہے، عوام کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کےلیے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کسی کا ذاتی یا سیاسی جماعت کا پراجیکٹ نہیں ہے۔

قبل ازیں پنجاب کابینہ نے اورنج لائن میٹروٹرین کا کرایہ 40 روپے مقررکرنے کی منظوری دی تھی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 35ویں اجلاس میں اورنج لائن ٹرین کا کرایہ 50 روپے مقررکرنے کی تجویز مسترد کردی گئی۔ لاہور کے شہریوں کو ریلیف دینے کےلیے ٹرین کا کرایہ 40 روپے مقرر کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔

صوبائی کابینہ نے پبلک ٹرانسپورٹ کی رجسٹریشن کا اختیارات عارضی طور پر موٹروہیکلز ایگزامینیرزکو دینے کا فیصلہ کیا۔

اجلاس میں محکمہ ہائر ایجوکیشن میں طلبا کی پرموشن اور امتحانات پالیسی 2020 کی منظوری بھی دی گئی۔ پنجاب کابینہ نے یکساں قومی تعلیمی نصاب نافذ کرنے کے اقدام کی منظوری دی۔

صوبائی کابینہ نے جناح پارک کی مینجمنٹ کی لیز میں توسیع کی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ممبرزکی تقرری کی منظوری دی گئی۔

صوبائی کابینہ نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کی سالانہ رپورٹ برائے 2019 کی منظوری بھی دی۔ پروٹیکشن ایگنسٹ ہراسمنٹ آف ویمن ایٹ ورک پلیس ایکٹ2010 میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ ملتان کے غلہ گودام کی پرانی عمارت میں جنرل اسپتال کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں