پاکستانی خبریں

کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری، وزیر اطلاعات سندھ بھی میدان میں آگئے

صوبائی وزیر اطلاعات ناصر شاہ نے الزام عائد کیا ہےکہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کا سارا کھیل وفاقی حکومت کی ایما پر ہوا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ناصر شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی رہ نماؤں نے پولیس کو کیس کیلئے الگ الگ درخواستیں دیں اور پولیس نے درخواستوں کو غیر قانونی قرار دے کر خارج کردیا جس کےبعد کیس کے اندراج کیلئے قائداعظم مزار مینجمنٹ بورڈ نے پولیس کو درخواست دی لیکن پولیس نے قائداعظم مزار مینجمنٹ بورڈکو مجسٹریٹ کو درخواست دینے مشورہ دیا۔

ناصر شاہ نے کہا کہ ایک شخص نےدرخواست دی کہ اسے کیپٹن(ر) صفدر نے جان سے مارنے کی دھمکی دی اور پولیس نے اس شخص کی ایف آئی آردرج کرکے تفتیش شروع کردی جب کہ تفتیش مکمل ہونے سے پہلے کیپٹن (ر) صفدر کوگرفتار کرنا قابل مذمت ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مزار قائد پر جو واقعہ پیش آیا، وہ نہیں ہونا چاہیےتھا، حکومت سندھ نے کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کا نوٹس لیا ہے جس کی اعلیٰ سطح پر انکوائری ہوگی جب کہ یہ سارا کھیل وفاقی حکومت کی ایما پر ہوا ہے۔

Related Articles

Back to top button