پاکستانی خبریں

حکومت نے مؤثر طریقے سے کورونا کا مقابلہ کیا: صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ کافی حد تک جیت چکے ہیں تاہم ابھی کامیابی نہیں ملی، جن ممالک میں مہلک وائرس میں کمی آ ئی ان میں دوبارہ پھیل رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدرمملکت نے کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر ویڈیو پیغام میں عوام سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، کرونا پر کافی حد تک قابو پا چکے تاہم احتیاطی تدابیر ناگزیر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے لاک ڈاؤن اور بیروزگاری سے بچا کر مؤثر طریقے سے وبا کا مقابلہ کیا۔

عارف علوی نے کہا کہ کرونا دوبارہ پھیلنے کے پیش نظر مزید چند ماہ احتیاط کی جائے، وزیراعظم نے لوگوں کو بیروزگار نہیں ہونے دیا، احساس پروگرام سے مدد کی، علمائےکرام اور میڈیا نے آگاہی میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام ماسک پہنیں، سماجی فاصلہ رکھیں اور بار بار ہاتھ دھوئیں۔ شادی ہالز اور گھروں میں اجتماعات کے دوران احتیاط کریں۔

خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 567 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے ملک میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 23 ہزار 19 ہو گئی ہے۔

ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید سولہ افراد کے انتقال کے بعد پاکستان میں کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 654 ہو گئی ہے، جب کہ 534 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

Related Articles

Back to top button