جو الطاف حسین کے ساتھ ہوا وہی نوازشریف کے ساتھ ہوگا شیخ رشید

وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہےکہ طبلِ جنگ بج چکا ہے اور نوازشریف کے ساتھ وہی ہوگا جو الطاف حسین کے ساتھ ہوا ہے۔

 شیخ رشید نے کہا کہ جب دو ملاقاتوں کا ذکر کیا تو بہت سارے مسائل سے گزرنا پڑا اور دو ملاقاتوں کا ذکر کیا تو طوفان آئے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ گزشتہ روز کے جلسے میں نوازشریف کی تقریر نہیں سن سکا سوگیا تھا، کورونا کے بعد 6 ماہ صحت مند ہونے میں لگتے ہیں، آج کل طبیعت ٹھیک نہیں دواکھا رہا ہوں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھاکہ نواز شریف کی سیاست ختم ہوچکی ہے، بھارت میں بانی ایم کیو ایم کو وہ کوریج نہیں ملی جو کل نواز شریف کو ملی، لندن سے نوازشریف کا سیاسی جنازہ آئے گا، اگر نواز شریف کی یہی پالیسی رہی تو یہ نہ ہو کہ عمران خان اگلے پانچ سال بھی لگالے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ نوازشریف وہ کھیل کھیل رہے ہیں جو عالمی ایجنڈا ہے، انہیں اندازہ ہی نہیں یہ کیا کھیل کھیل رہے ہیں، نوازشریف بانی ایم کیو ایم ٹو بن گئے ہیں، اعلانِ جنگ ہوچکا ہے، طبلِ جنگ بج چکا، نوازشریف کے ساتھ وہی ہوگا جو الطاف حسین کے ساتھ ہوا ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان کا کوئی آرمی چیف ایسا نہیں رہا جس سے نواز شریف نے ٹکراؤ نہ کیا ہو، نواز شریف کھل کر سامنے آگئے، اب ان سے کھل کر سیاست ہوگی، نون لیگ ٹوٹ کر رہے گی اور کوئی وجہ نہیں نون سے شین نہ نکلے۔

ان کا کہنا تھا کہ جلسوں سے حکومتیں نہیں جاتیں، اگر جلسوں سے جانا ہوتا تو ہم نے ٹکا کر 126 دن جلسوں میں لگائے، عمران خان کے مینار پاکستان جلسے سے کوئی نہیں گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں