گجرانوالاجلسہ؛ کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری، اپوزیشن قائدین کی آمد کا انتظار

گجرانوالہ میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کا میدان تیار ہے اور اپوزیشن قائدین کی آمد کا انتظار کیا جا رہا ہے جب کہ کارکنوں کی آمد سلسلہ بھی جاری ہے۔

پی ڈی ایم آج مسلم لیگ ن کے گڑھ سمجھے جانے والے شہر گجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں جلسہ کیا جا رہا ہے۔

پی ڈی ایم کے جلسے سے مریم نواز، بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر جماعتوں کے قائدین بھی خطاب کریں گے۔ تینوں رہنماؤں کے قافلے اس وقت گجرانوالہ کی جانب رواں دواں ہیں۔

اپوزیشن کی جلسیوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اپوزیشن کی جلسیوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، یہ صرف اپنی کرپشن اور چوری بچانے کے لیے نکلے ہوئے ہیں اس لیے حکمراں جماعت اپنی توجہ صرف کام پر مرکوز رکھے۔

بلاول وزیرآباد پہنچ گئے

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوں زرداری وزیرآباد پہنچ گئے جہاں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم تاریخی غربت، منہگائی اور بے روزگاری کے خلاف نکلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرآپ ہمارے ساتھ ہیں تو ہم عوامی حکومت بناکر رہیں گے۔

 چیئرمین پیپلز پارٹی کی پریس کانفرنس

لالہ موسیٰ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ جلسے کے لیے کارکنوں کے راستے روکے جا رہے ہیں اور رہنماؤں کو گرفتار کیا جا رہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ گجرانوالہ میں پاکستان کے عوام کا سمندر جواب دے گا کہ اب اس کٹھ پتلی، نالائق اور سلیکٹڈ حکومت کو جانا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان تو کہتے تھے کہ اپوزیشن کو جلسے کے لیے کنٹینر بھی فراہم کروں گا لیکن ان سے ایک جلسہ بھی برداشت نہیں ہو رہا۔ مزید پڑھیں

مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس

اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے اب حکمران ہم سے این آراو مانگ رہے ہیں لیکن ہم انہیں این آر او نہیں دے رہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے سربراہ کا کہنا تھا کسی سے ذاتی دشمنی نہیں ہے، تحریک کا آغاز آج گجرانوالہ سے ہو گا کیونکہ موجودہ پارلیمنٹ منتخب پارلیمنٹ نہیں ہے۔

فضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ عالمی اسٹیبلشمنٹ کی سازشوں سے آئی ہے جس کی وجہ سے عوام معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ مزید پڑھیں

مریم نواز جلسے کیلئے روانہ

جلسے میں شرکت کے لیے مریم نواز جاتی امرا سے جلسہ گاہ کے لیے روانہ ہو گئی ہیں، جلسے میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل مریم نواز نے دعا بھی کی اور اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آج جعلی حکومت کے خاتمے کی شروعات ہے۔

مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ بزدل حکومت کو اگر یقین ہے کہ اپوزیشن جناح اسٹیڈیم کو نہیں بھر پائے گی تو پھر کنٹینر لگا کر راستے کیوں بلاک کر رکھے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا بزدلو! کارکنوں کا راستہ تم نہیں روک سکتے، ان شاء اللہ جتنی عوام اسٹیڈیم کے اندر ہو گی اس سے تین گنا زیادہ عوام اسٹیڈیم کے باہر موجود ہو گی۔

لیگی کارکن رکاوٹیں ہٹانے کیلئے کرین بھی ساتھ لائے

مسلم لیگ ن کے کارکن پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کے لیے راستے میں کھڑی رکاوٹوں کو ہٹانے کے لیے کرین بھی ساتھ لائے۔

مریم نواز نے کارکنوں کے کرین لانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے ان کے اس اقدام کو زبردست قرار دیا۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی لاہور سے گجرانوالہ پہنچیں گے جب کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری لالہ موسیٰ سے گجرانوالہ پہنچیں گے۔

پولیس نے جناح اسٹیڈیم کی طرف آنے والے راستے خاردار تاریں لگا کر بند کر دیے ہیں، گل روڈ، منیر چوک، سیالکوٹ روڈ اور گوندنوالہ پھاٹک پر کنٹینر کھڑے کر دیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ سیٹلائٹ ٹاؤن سے آنے والی سڑکوں پر بھی کنٹینرز کھڑے کر دیے گئے ہیں جس کی وجہ سے جناح اسٹیڈیم کی طرف پیدل آنے والے افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے اپوزیشن جماعتوں کو چیلنج کیا تھا کہ جناح اسٹیڈیم بھر گیا تو وہ استعفیٰ دے دیں گے اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے اس چیلنج کو قبول بھی کر لیا تھا۔

اس حوالے سے اب مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا بیان سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ہم نے رات کو ہی جلسہ گاہ بھر دی تھی، کارکن صبح تک موجود رہے، شبلی فراز اب استعفی دے دیں، استعفی کا متن ہم فراہم کر دیں گے۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض چوہان سے متعلق پوچھے گئے سوال پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ فیاض چوہان کو نہیں جانتی، ان کی بات کا جواب دینا نہیں چاہتی۔

ترجمان مسلم لیگ نے بتایا کہ مریم نواز دن ڈیڑھ بجے رائے ونڈ سے جلسے کے لیے روانہ ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ طے کی گئی ایس او پیز پر عمل کی پوری کوشش کریں گے۔

ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جلسہ انتظامیہ کے خلاف کارروائی سے متعلق سوال پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ لیاقت باغ راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے جلسے میں کورونا کی خلاف ورزی پر کتنی ایف آئی آر کٹی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں