شہباز شریف نیب کی عدالت میں جا کر ڈرامے کرتے ہیں، شہزاد اکبر

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے سنا ہے کہ شہباز شریف آج کل نیب تحویل میں خفیہ ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نیب کی عدالت میں جا کر ڈرامے کرتے ہیں، ابھی شہباز شریف کے کاروبار کا فرانزک ہونا ہے اس لیے ذہنی اضطراب کا شکار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کو شریف فیملی کی کرپشن کا ایک اور ریفرنس موصول ہوا ہے، العربیہ شوگر ملز اور رمضان شوگر ملز کے 10 سالہ ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا تو بہت ہی حیران کن چیزیں سامنے آئی ہیں کہ ان کمپنیوں کے کم آمدنی والے ملازمین کے نام پر بے نامی اکاؤنٹس بنائے گئے اور ان اکاؤنٹس کے ذریعے سے 22 ارب روپے سے زائد کی منی لانڈرنگ کی گئی۔

شہزاد اکبر نے بتایا کہ کم آمدنی والے 12 ملازمین کے نام کھولے گئے بے نامی اکاؤنٹس کے ذریعے 15 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی جب کہ دیگر کچھ ملازمین کے نام پر 7 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی جو کہ ڈبل فیک کمپنیاں تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ 2016-17 میں سلیمان شہباز کے ذاتی چپڑاسی ملک مقصود نامی شخص کے نام اکاؤنٹ کھول کر اس میں 3.7 ارب روپے مختلف کھاتوں سے ڈلوائے گئے، جیسے ہی ٹی ٹی والے کیس کا آغاز ہوا تو ملک مقصود 2018 میں ملک سے فرار ہو گیا تھا۔

دوسرا شخص رمضان شوگر ملز کے 18 سے 20 ہزار روپے تنخواہ والے چپڑاسی محمد اسلم ہے جس کے نام کھولے گئے اکاؤنٹس میں 2014 سے لیکر 2017 تک 2.3 ارب روپے جمع کرائے گئے۔ رمضان شوگر ملز کے ہی ایک کلرک اظہر عباس کے اکاؤنٹ میں 2011 سے لیکر 2014 تک 1.67 ارب روپے جمع کرائے گئے، رمضان شوگر ملز کے ایک اور کلرک غلام شبر کے نام پر 2012 سے لیکر 2014 تک 1.57 ارب روپے جمع کرائے گئے۔

مشیر برائے احتساب نے بتایا کہ رمضان شوگر ملز کے چپڑاسی گلزار احمد خان کے نام پر 2012 سے لیکر 2017 تک 425 ملین روپے جمع کرائے گئے، بہت ہی دلچسپ بات یہ ہے گلزار احمد خان جو کہ ان کی کمپنی میں چپڑاسی تھا وہ فروری 2015 میں وفات پا چکا تھا، اس کے فوت ہو جانے کے باوجود یہ اکاؤنٹ آپریٹ ہوتا رہا اور اس میں پیسے جمع ہوتے رہے، نکلتے رہے اور آگے ٹرانسفر ہوتے رہے۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ میں نے شہباز شریف سے پہلے بھی 18 سوال پوچھے تھے لیکن ان کا جواب نہیں دیا گیا، آج کل تو شہباز شریف نیب کی تحویل میں ہیں اور مکمل فارغ ہیں، ان سے صرف تین سوال پوچھ رہا ہوں۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں