شہزاد اکبر اپنا ٹکٹ کرالیں،موجودہ سسٹم سے چھٹکارے کا آغاز گوجرانوالہ سے ہو گا شاہد خاقان عباسی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اعلان کیا ہے کہ پی ڈی ایم کا جلسہ 16 اکتوبر کو جی ٹی روڈ گوجرانوالہ میں ہوگا۔

شاہد خاقان نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ہمارا راستہ نہیں روک سکتی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ انتظامیہ عمران خان اور عثمان بزدار کی ملازم نہیں ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ سسٹم سے چھٹکارے کا آغاز گوجرانوالہ سے ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میں شہزاد اکبر سے کہوں گا کہ اپنا ٹکٹ کرالیں، جلد آپ کا حساب ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے: ہمیں پتہ چلا ہے شہزاد اکبر بھیس بدل کر مختلف گاڑیوں میں نیب جاتے ہیں، مریم اورنگزیب 

ن لیگ کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تین اکتوبر کو جناح اسٹیڈیم میں جلسہ کرنے کے لیے درخواست دی تھی لیکن آج تک اجازت نہیں دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج فیصلہ کیا گیا ہے کہ جلسہ جی ٹی روڈ گوجرانوالہ میں ہو گا۔

 سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کنٹینرز کبھی بھی عوام کا راستہ نہیں روک سکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جلسے میں 200 افراد نے شرکت کی تھی جب کہ گوجرانوالہ کا جلسہ تاریخی اہمیت کا حامل ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں