پاکستانی خبریں

کورونا کی ممکنہ دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے احتیاطی اقدامات ضروری ہیں: اسد عمر

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا وبا کی ممکنہ دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے احتیاطی اقدامات ضروری ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں کورونا سے نمٹنے اورقیمتی جانوں کو بچانے میں مدد ملی ہے۔ کامیابی کا سہرا عوام اور میڈیا کو جاتا ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر اجلاس کو ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر کے 103 اضلاع میں 3 ہزار 497 مقامات پراسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے جبکہ کورونا کے 52 فیصد ٹیسٹ ٹریس، ٹیسٹ اینڈ کورنٹائن حکمت عملی کے تحت کیے گئے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات پرعمل کیا۔ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے فیصلے کے مطابق ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔

چیف سیکرٹری سندھ نے اجلاس کو بتایا کہ تعلیمی اداروں اور شادی ہالز کی سخت مانیٹرنگ کررہے ہیں۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے اجلاس کو بتایا کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پرشادی ہالز اور ریسٹورنٹس کےخلاف کارروائی کی۔

چیف سیکرٹری بلوچستان کا کہنا تھا کہ ٹریس، ٹیسٹ اینڈ کورنٹائن پالیسی سے بلوچستان میں کورونا کیسز میں کمی آئی ہے۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 8 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار588 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 531نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 3لاکھ19 ہزار848 ہوگئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کےد3لاکھ4ہزار609 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور زیرعلاج مریضوں کی تعداد 8ہزار651 رہ گئی ہے۔

کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار 264 اور سندھ میں 2 ہزار 556 اموات ہو چکی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 264، اسلام آباد میں 189، بلوچستان میں 146، ‏گلگت بلتستان میں 91 اور آزاد کشمیر میں 78 ہو گئی ہے۔

اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 17 ہزار428 ہو گئی ہے۔ پنجاب ایک لاکھ 892، سندھ میں ایک لاکھ 40 ہزار 534، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار367، بلوچستان میں 15 ہزار541، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 955 اور آزاد کشمیر میں3 ہزار131 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان کے 735 اسپتالوں میں کورونا مریضوں کےلیے سہولیات ہیں اور اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کیلئے وینٹی لیٹرزکی تعدادایک ہزار920 ہے۔

Related Articles

Back to top button