پاکستانی خبریں

ہمیں پتہ چلا ہے شہزاد اکبر بھیس بدل کر مختلف گاڑیوں میں نیب جاتے ہیں، مریم اورنگزیب

مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نیب نے تسلیم کیا شہباز شریف کیس میں کچھ برآمد نہیں ہوا۔

مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگ حکومت سے تنگ آچکے ہیں اور قومی احتساب بیورو (نیب) نے آج تسلیم کیا کہ شہباز شریف کیس میں کچھ برآمد نہیں ہوا۔ شہباز شریف کی آمدنی پر جو سوالات اٹھ رہے ہیں وہ ایف بی آر کے ریکارڈ میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پتہ چلا ہے شہزاد اکبر بھیس بدل کر مختلف گاڑیوں میں نیب جاتے ہیں اور شہزاد اکبر نے جب دیکھا کہ زیر حراست ہونے کے بعد شہبازشریف کتاب پڑھ رہے ہیں تو ان کے لیے مزید مشکلات کی بات کی۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ شہزاد اکبر وزیر اعظم کو مہنگائی سے متعلق آگاہی نہیں دیتے اور قائد حزب اختلاف کو وزیر اعظم عمران خان کے حکم پر گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے کمرے میں کیمرے لگا کر دوربینوں سے دیکھا جاتا ہے جبکہ شہباز شریف کے واش روم میں بھی کیمرے لگائے گئے جس کی شکایت پر واش روم سے کیمرہ اتار لیا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکم دیا گیا شہباز شریف کو زمین پر کھانا دیا جائے، نواز شریف کی بھی نیب حراست میں ہی طبیعت خراب ہوئی تھی۔

 

Related Articles

Back to top button