پاکستانی خبریں

شہر قائد میں عوامی مقامات پر اسلحہ کی نمائش پر پابندی عائد

شہر قائد میں مولانا عادل خان کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد عوامی مقامات پر اسلحہ کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی۔

 ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کی بالادستی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں شہر میں عوامی مقامات پر اسلحہ کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سادہ لباس مسلح افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی، لائسنس یافتہ اسلحہ کی عوامی مقامات پر نمائش پر پابندی کا اطلاق ہوگا۔

ترجمان پولیس کے مطابق اسلحے کی نمائش قانونی جرم ہے روک تھام کے لیے قوانین وضع کیے گئے ہیں، رواں ہفتے شہر میں اسلحہ کی نمائش کے خلاف مہم کا آغاز کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں گزشتہ روز مولانا عادل خان کو ٹارگٹ کرکے شہید کردیا گیا تھا، ان کے قاتلوں کو پولیس تاحال گرفتار نہیں کرسکی ہے۔

کراچی میں امن و امان کی صورت حال پر قابو پانے کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی تھی جسے اب سے کچھ دیر قبل ختم کردیا گیا ہے۔

Related Articles

Back to top button