کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی عائد

شہر قائد میں ایک ماہ کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی۔

محکمہ داخلہ سندھ نے کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صحافی، بزرگ اور 12 سال سے کم عمر کے بچوں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا۔

محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق پابندی کے فیصلے سے امن قائم رکھنے میں مدد ملے گی، شہر میں دستی بم حملے اور دیگر وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل خان ڈرائیور سمیت جاں بحق ہو گئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق مولانا عادل کا ایک ساتھی خریداری کیلئے گاڑی سے اترا اور اسی دوران موٹر سائیکل سوار ملزموں نے فائرنگ کر دی۔

نامعلوم دہشت گرد مولانا عادل پر دائیں جانب سے حملہ آور ہوئے۔ دہشت گردوں کے آتشی اسلحہ سے نکلنے والی پانچ گولیاں مولانا عادل کو لگیں۔

پانچ میں سے چار گولیاں مولانا عادل کے سر اور چہرے پر لگیں اور ایک بازو میں لگی۔ مولانا عادل کے سر اور چہرے پر لگنے والی گولیاں موت کا سبب بنیں۔

مولانا کے ڈرائیور مقصود کو صرف ایک گولی لگی۔ حملہ آوروں نے ڈرائیور کے سر پر وار کیا۔ مقصود احمد کے سر میں لگنے والی واحد گولی جان لیوا ثابت ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں