پاکستانی خبریں

وزیر اعظم کا موٹر وے ریسٹ ایریاز پر اشیائے خور و نوش کی زائد قیمتوں پر سخت برہمی کا اظہار

وزیر اعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے سخت احکامات جاری کردیے جس کے بعد متعلقہ حکام کو مراسلہ جاری کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے موٹر وے ریسٹ ایریاز پر اشیائے خور و نوش کی زائد قیمتوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم آفس کے ڈیلیوری یونٹ نے وزارت مواصلات، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور آئی جی موٹر وے کو مراسلہ جاری کردیا، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

مراسلے میں کہا گیا کہ ریسٹ ایریاز پر قیمتوں کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیم مختص کی جائیں، ٹیمیں موٹر وے ریسٹ ایریاز پر دن اور رات باقاعدگی سے چھاپے ماریں۔ ٹیمیں ضلعی انتظامیہ سے ضرورت پڑنے پر کسی بھی وقت مدد لے سکتی ہیں۔

مراسلے کے مطابق ریسٹ ایریاز پر زائد قیمتوں کے خلاف فوری اور سخت ایکشن لیا جائے، ریسٹ ایریاز پر آگاہی کے لیے بینرز آویزاں کیے جائیں۔ سٹیزن پورٹل پر شکایات کی آگاہی سے متعلق بھی اقدامات کیے جائیں۔

وزیر اعظم آفس نے متعلقہ حکام کو 21 دن میں ابتدائی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقدامات کی تکمیل سے پہلے اور بعد کی تقابلی رپورٹ بھی پیش کی جائے۔

Related Articles

Back to top button