اسلام آباد میں 11 سالہ بچی کے قتل کا معمہ، پولیس نے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا

وفاقی دارالحکومت میں پولیس نے بری امام میں 11 سالہ اقصیٰ کے اندھے قتل کا معمہ حل کرلیا۔

اسلام آباد میں 11 سالہ بچی کے قتل کا معمہ حل کرلیا گیا، سی آئی اے، تھانہ سیکریٹریٹ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان خورشید، شاہ سوار اور حماد نقوی بری امام کے رہائشی ہیں، ملزمان نے بری امام کے علاقے میں 11 سالہ اقصیٰ کو گلا دبا کر قتل کیا تھا۔

وفاقی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان قتل کو خودکشی کا رنگ دینے کے لیے لاش کمرے میں لٹکا کر فرار ہوگئے تھے۔

پولیس کے مطابق گرفتارملزم خورشیدسابقہ ریکارڈ یافتہ ہے،ملزمان نے زیادتی کی کوشش پربچی کے شورمچانے پر اسےقتل کیا۔

کمسن بچی کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس پی سٹی، ایس پی انویسٹی گیشن کی زیر نگرانی دو ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 11 سالہ اقصیٰ بی بی کے چچا اور ماموں کا کہنا تھا کہ وقوعہ کے روز اقصیٰ بی بی کی والدہ اور والد مزدوری کے سلسلے میں گھر سے باہر تھے جبکہ اقصیٰ بی بی اور اس کی چھوٹی بہن گھر میں موجود تھی تاہم جب والدین گھر پہنچے تو بچی کی لاش کمرے میں لٹک رہی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں