پاکستانی خبریں

ہمیں حکومت کے خلاف تحریک میں کامیابیاں حاصل ہوں گی، مریم اورنگزیب

مسلم لیگ ن کے مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اب اس حکومت کے مہنگائی کے اعلانات آخری ہوں گے۔

ن لیگ کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت انتقامی سیاست میں مصروف ہے اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتاری کا مقصد آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے فیصلوں کو ناکام بنانا تھا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو وزیر اعظم عمران خان کے حکم پر ہی گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ان کا ٹرائل شروع ہو گیا تھا لیکن گرفتار کر لیا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے عوام کو مشکلات میں دھکیل دیا ہے اور آج بھی بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا گیا۔ ملک میں معیشت کی تباہی اور مہنگائی کی ذمہ دار حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آر ٹی ایس کو 2018 میں بند کر کے انہیں جان بوجھ کر ہرایا گیا ہے جبکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور نواز شریف کے دور میں ہی بھارتی وزیر اعظم خود چل کر پاکستان آئے تھے۔

ن لیگی ترجمان نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا لیکن ان کے خلاف غداری کے مقدمے بنائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب اس حکومت کے مہنگائی کے اعلانات آخری ہوں گے اور ہمیں حکومت کے خلاف تحریک میں کامیابیاں حاصل ہوں گی۔

Related Articles

Back to top button